جھانسی، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کے سینئر کابینہ وزیر محمد اعظم خاں نے مرکز میں حکمران بی جے پی پرگائے اور گنگاکے نام پر ملک کو بیوقوف بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کو صرف ہنگامہ کرنے سے مطلب ہے۔خاں نے کل یہاں بندیل کھند کے لیے شروع کئے گئے 73ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے بعد شام کو ایک افطار پروگرام سے الگ نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کسی بادشاہ کی طرح کام کر رہے ہیں۔وہ اسمارٹ سٹی بنا رہے ہیں جبکہ ضرورت گاؤں کو اسمارٹ بنانے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت صرف سرمایہ داروں کی ہے اور ملک میں شور و غل کے سوا کچھ نہیں ہو رہا ہے۔بی جے پی گائے اور گنگا کے نام پر ملک کو بیوقوف بنا رہی ہے۔اگر وہ گائے کی اتنی ہی بڑی بھکت ہے توفائیواسٹار ہوٹلوں میں بیف پر پابندی لگا کر دکھائے۔مسٹر خاں نے کہا کہ بی جے پی کو صرف ہنگامہ کرنے سے مطلب ہے۔اپنے اچھالے ہوئے مسائل پر کام کرنا تو کبھی اس کی فطرت ہی نہیں رہی ہے ۔